شام کی اسدی فوج نے حلب کا 98 فیصد کنٹرول حاصل کرلیا
دمشق (ڈیلی پاکستان آن لائن) شامی فوج نے باغیوں اور عام شہریوں میں فرق کیے بنا شدید ترین حملے کے بعد سب سے زیادہ زیر عتاب شہر حلب کے مشرقی علاقوں کا 98 فیصد کنٹرول حاصل کرلیا اور باغیوں کو چھوٹے سے علاقے کی طرف دھکیل دیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شامی باغیوں کے ترجمان نے بتایا کہ مشرقی حلب میں اسدی افواج کی جانب سے شدید ترین گولہ باری کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں عام شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، عام شہریوں کو بچانے کیلئے باغی پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ انہوں نے اسدی افواج اور باغیوں کے تصادم کو انتہائی خوفناک قرار دیا ۔
شامی شہری دفاع کے رکن ابراہیم الحاج نے بتایا کہ حلب میں حالات بہت ہی گمبھیر ہیں، اسدی افواج نے متعدد علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے اور ہم اس میں پِس کر رہ گئے ہیں۔دوسری جانب باغیوں کے نورالدین زنگی گروپ کے سینئر رکن بسام حاج اپنے جنگجوؤں کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حلب کا جو حصہ بچ گیا ہے اس پر قابو رکھنے کیلئے ہمارے جوان بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔