ایک دن میں 3 فضائی حادثے
اوسلو(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیدرلینڈز کا مسافر طیارہ ناروے میں اوسلو ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا۔ڈچ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات اس وقت پیش آیا جب ایمسٹرڈیم جانے والے مسافر طیارہ نے اوسلو ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہائیڈرولک سسٹم فیل ہوا جس کے باعث طیارے نے ہنگامی طور پر لینڈنگ کی لیکن ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے سے اتر گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے میں 176 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے جو حادثے کے دوران محفوظ رہے۔اس سے قبل کینیڈا کے شہر نووا اسکوٹیا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ پھسل کر رن وے سے اترگیا اور اس میں آگ لگ گئی تھی۔ایک دوسرے حادثے میں آج جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔اس سے قبل 25 دسمبر کو قازقستان کے شہر اکتاؤ میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 39 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے تھے۔