وزیر اعلیٰ چین سے 700 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ لا رہی ہیں،100 سے زائد بسیں کالج، یونیورسٹی کے روٹس پر چلائی جائیں گی: وزیر تعلیم
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج کوپر روڈ کے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے 600 گریجویٹس طالبات میں گولڈ و سلور میڈل اور رول آف آنرز تقسیم کئے۔ تقریب میں طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ لڑکیاں تعلیمی میدان میں لڑکوں سے آگے ہیں۔ بیٹیاں جتنی خودمختار ہوں گی، اتنا ہی بہتر طریقے سے حالات کا مقابلہ کر سکیں گی۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق طالبات کو ہر میدان میں خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔ اسی ضمن میں لڑکیوں کیلئے سکوٹی سکیم نکالی گئی۔ دوسری جانب بالخصوص خواتین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چین سے 700 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ بھی لا رہی ہیں۔ ان میں سے 100 سے زائد بسیں کالج، یونیورسٹی کے روٹس پر چلائی جائیں گی۔ لڑکیوں کو خودمختار بنانے کیلئے سکلز ڈویلپمنٹ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ اگلے ماہ لیپ ٹاپ سکیم بھی لانچ کر دی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کیلئے موجود بسوں کو فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے کوپر روڈ کالج کی ٹاپ 3 پرفارمنگ طالبات کو ذاتی جیب سے ترکی، دبئی یا قازقستان میں سے کسی ایک ملک کے ٹرپ کا بھی اعلان کیا۔ وزیر تعلیم نے طالبات کو پنجاب اسمبلی دورہ کی دعوت دی اور کہا کہ انہیں مکمل پروٹوکول کے ساتھ ایوان کا دورہ کروایا جائے گا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔