صوبائی اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح بلاول بھٹو کرینگے ،آغا سراج درانی

صوبائی اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح بلاول بھٹو کرینگے ،آغا سراج درانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور کام مکمل ہوتے ہی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح کریں وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے احاطے میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بنائی جانے والی نئی پارکنگ لاٹ کے ایک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اسمبلی آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی امور کے صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور ارکان سندھ اسمبلی بھی موجود تھے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ان کی یہ خواہش ہے کہ اسمبلی کی عمارت کے ساتھ ساتھ ایم پی اے ریذیڈنسی پر جاری کام بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچے آغا سراج درانی نے کہا کہ اس وقت ریذیڈنسی پر کام کی رفتار کافی سست ہے انہوں نے تعمیراتی کمپنی سے کہا ہے کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اسپیکر نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ہے کہ ارکان سندھ اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں انہوں نے بتایا کہ اراکین کو جو دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ان میں خواتین اراکین کے لئے بیوٹی پارلر اور مرد ارکان کے لئے ایک بیوٹی سیلون بھی شامل ہوگا تاکہ وہ بھی اپنا فیشل وغیرہ کراسکیں انہوں نے بتایا کہ ایم پی اے ریذیڈنسی میں منی شاپنگ سینٹر اور زر زمین وسیع کارپارکنگ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ اپوزیشن کی خاتون رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی بیوٹی پارلر کے لئے کہتی تھی اس لئے ہم نے بیوٹی پارلر بنانے کا فیصلہ کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے احاطے میں جدید نوعیت کی جو پارکنگ لاٹ بنائی جارہی ہے اس کے بعد ارکان سندھ اسمبلی اور اسمبلی سکریٹریٹ کے اسٹاف کو پارکنگ کی بہت زیادہ سہولت حاصل ہوجائے گی اور اسمبلی کی کوئی گاڑی باہر سڑک پر کھڑی نہیں ہوگی جس سے اسمبلی کے باہر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔ آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں نثار احمد کھوڑو اور وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ کی کوششوں کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی عالیشان عمارت کو دیکھ کر قومی اسمبلی کی عمارت کا گمان ہوتا ہے ۔ اس موقع پرنثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی پاکستان میں پہلی اسمبلی نہیں جس نے اپنی نئی عمارت تعمیر کرائی اس سے پہلے بلوچستان اور پھر خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی بھی نئی عمارتیں تعمیر ہوئی ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا کام بھی زیر تکمیل ہے یہ اور بات ہے کہ ہم نے یہ کام پہلے شروع کیا اور پہلے مکمل کرلیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد ملک کے منتخب صدر آصف علی زرداری نے رکھا تھا اور اب اس کا افتتاح پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے اچھے ماحول میں بیٹھیں گے تو عوام کے لئے بھی اچھا سوچیں گے۔ سنگ بنیاد کی تقریب میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، مسلم لیگ فنکشنل کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی اور مسلم لیگ (ن) کے رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع محمد جاموٹ کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثناء سندھ اسمبلی سکریٹریٹ کے زرائع نے بتایا ہے کہ سندھ اسمبلی کے احاطے میں جو پارکنگ لاٹ قائم کی جارہی ہے وہ دوبئی کی پارکنگ کی لاٹ کی طرح جدید سہولتوں سے آراستہ ایک شاہکار ہوگی اس منصوبے کی تکمیل میں 6سے 8 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا زرائع کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ فلور پر 154گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ بیسمنٹ میں ڈھائی سو گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے کار پارکنگ میں جدید طرز کے اسکینرز بھی نصب کئے جائیں گے تاکہ فول پروف سیکوریٹی کو یقینی بنایا جاسکے زرائع کا کہنا ہے کہ کار پارکنگ کے منصوبے پر ہونے والے اخراجات سندھ اسمبلی کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔