آج کل نئے فنکاروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے:زینب شبیر

آج کل نئے فنکاروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے:زینب شبیر
آج کل نئے فنکاروں کی اہمیت بڑھ گئی ہے:زینب شبیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ و ماڈل زینب شبیر کا کہنا ہے کہ ٹی وی پروڈکشن میں اضافے کی وجہ سے نئے فنکاروں کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے یہی وجہ ہے کہ اب ہر پراجیکٹ میں کسی نہ کسی فنکارکو چانس دیا جاتا ہے ۔ویسے تو حال ہی میں بہت سے نئے فنکار متعارف کرائے گئے لیکن ان میں زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جنہوں نے اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر تیزی سے جگہ بنائی اور یہ بات ثابت کردی کہ ٹیلنٹ کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ باصلاحیت فنکارہ زینب شبیرکو ایم ڈی پروڈکشن کے سوپ’’ماں صدقے‘‘میں متعارف کرایا گیا جس میں انہوں نے چند قسطوں میں ہی اپنی پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنالی۔اس سوپ میں اگرچہ زینب شبیر کے ساتھ کئی اورنئے فنکاروں کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا لیکن ناظرین نے سب سے زیادہ ان کی پرفارمنس اور انداز پسند کیا۔ابھی ان کا پہلا ڈرامہ نشر’’ماں صدقے‘‘ کیا جارہا ہے لیکن انہیں ایک اور سیریل’’شام ڈھلے‘‘ میں بھی کاسٹ کرلیا گیا ہے جو کسی بھی نو وارد فنکار کے لئے یہ ایک بڑی حوصلہ افزا بات ہوتی ہے۔ان کا انداز گفتگو بھی بہت سلجھا ہوا ہے۔نپے تلے انداز میں بات کرتی ہیں۔زینب شبیر نے کہا کہ مجھے ہوش سنبھالتے ہی شوبز میں جانے کا شوق پیدا ہوا لیکن اس کیلئے میں نے تعلیم کی قربانی نہیں دی بلکہ پڑھائی جاری رکھی،خوش قسمتی سے مجھے پہلا ڈرامہ جلدی مل گیا، میں ان دنوں میڈیا سائنسز میں گریجوایشن کررہی ہوں جس کے بعد مزید تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ بھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے ایم ڈی پروڈکشن میں ہونے والے آڈیشن میں پہلی بار ہی کامیابی ملی جس پر مجھے اس کردار کے لئے منتخب کرلیا گیا۔ڈرامہ آن ائر ہوتے ہی شہرت ملی تو بہت اچھا لگا۔میں سمجھتی ہوں کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ پہلے ہی ڈرامے میں مجھے اتنا بڑا کردار ملا۔مجھے اپنی فیملی کی مکمل سپورٹ ملی لیکن سب سے بڑھ کر میری والدہ نے مجھے نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ قدم قدم پر میری راہنمائی بھی کی،کام کے دوران سینئر فنکاروں نے بھی حوصلہ افزائی کی۔ایک سوال کے جواب میں زینب شبیر نے بتایا کہ ہماری انڈسٹری میں تمام فنکار نہایت با صلاحیت ہیں لیکن میں ذاتی طور پر صبا قمر سے متاثر ہوں۔یاد رہے کہ زینب شبیر’’ماں صدقے‘‘میں عائشہ گل کی بیٹی کا کردار کررہی ہیں۔

مزید :

کلچر -