فواد چوہدری جھوٹ بولنے والے روبوٹ پیپلز پارٹی، شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ، مسلم لیگ (ن)
کراچی (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جھوٹ بولنے والا روبوٹ قرار دیدیا۔رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی کا فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا عمران خان سے اتحادی بھی نہیں سنبھا لے جاتے۔انہوں نے سوال کیا کہ قانون کا اطلاق علیمہ خان پر کیوں نہیں ہوتا؟ نیب کے آفیسر سے بڑی رقم ملنا خود نیب کا بڑا اسکینڈل ہے،مولا بخش چانڈیو نے کہا فواد چوہدری الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدے اور دعوے پورے کریں۔ قوم جانتی ہے پی ٹی آئی ملک کو مزید بحران میں دھکیل رہی ہے۔ ملک کو قرض کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے دعوے کرنے والے یوٹرن لے رہے ہیں، دوسروں پر انگلیاں اٹھا کر عمران خان اور درباری اپنی نااہلی ثابت کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری بتائیں علیمہ خان اور جہانگیر ترین کے پیسے کب پاکستان کے سپرد کر رہے ہیں؟ الزام تراشی کی سیاست سے تحریک انصاف اپنا وقار بلند کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان کا ایجنڈا فلاحی ضرور ہے لیکن صرف اپنے سہولت کاروں کیلئے قوم کے لیے نہیں۔خیال رہے فواد چوہدری نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا ملک کا 84 فیصد قرضہ دونوں جماعتوں کے ذمہ ہے۔سابق اپوزیشن لیڈر کے حوالے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا خود پیپلز پارٹی کو بھی نہیں پتا کہ خورشید شاہ کس کیساتھ ہیں۔دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا فواد چوہدری کے ہوتے ہوئے حکومت کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں، فواد چوہدری پشاور میٹرو ،بلین ٹری ،اور کے پی کے وزراء پر کرپشن کیسز پر کب لب کشائی کریں گے؟۔یو ٹرن اور تصادم کی پالیسی پر گامزن حکومت اپنے وزن سے جلدی اپنے انجام سے دوچار ہوگی،حکومت کو اپنے اتحادی بھی چھوڑ رہے ہیں حکومت کے یو ٹرنز نے اس کی اصلیت اور اہلیت عوام پر واضح کر دی ہے
سعید غنی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ حکومت میں ہونے کے باوجود عمران خان اور وزراء کے اعصاب پر نواز شریف اور شہباز شریف سوار ہیں ٗسیاسی خانہ بدوش ہونے کی وجہ سے فواد چوہدری شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کے لئے کوشاں ہیں ٗفواد چوہدری ہر پریس کانفرنس سے پہلے اپنے پچھلے سال کے بیانات کی قوم سے معافی مانگا کریں۔ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ فواد چودھری پریس کانفرنس سے پہلے وضاحت کیا کریں کہ وہ بحیثیت نیب ترجمان بات کر رہے ہیں یا حکومتی ترجمان کے ۔انہوں نے کہا کہ فواد کی پریس کانفرنس ، چور کوئی واردات ڈالنے والے ہیں ٗ عوام جاگتی اور ہوشیار رہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت میں ہونے کے باوجود عمران صاحب اور اْن کے وزراء کے اعصاب پر نواز شریف اور شہباز شریف سوار ہیں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کو چاہئے کہ پشاور میٹرو کے کھڈوں ،، بلین ٹری سونامی ، خیبرپختونخواہ کے احتساب کمیشن کی کرپشن ثابت ہونے پر بھی قوم سے خطاب کریں ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی خانہ بدوش ہونے کی وجہ سے فواد چوہدری شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وفاداری نبھانے کی کوشش میں وہ اکثر الفاظ اور ذہن کا ربط برقرار نہیں رکھ پاتے۔ انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری ہر پریس کانفرنس سے پہلے اپنے پچھلے سال کے بیانات کی قوم سے معافی مانگا کریں ۔
مر یم اورنگزیب