پارلیمنٹ نے کرپشن کیسز ختم کردیئے، جب ہوش آئے گا تو دیر ہوجائے گی، جسٹس محسن اختر کیانی کے نیب کے دائرہ اختیار سے متعلق کیس میں ریمارکس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب کے دائرہ اختیار سے متعلق کیس میں ریمارکس دیئے کہ بغیر دانتوں والا نیب بھی انجوائے کرے اور لوگ بھی، پارلیمنٹ نے کرپشن کیسز ختم کردیئے، جب ہوش آئے گا تو دیر ہوجائے گی۔
نجی ٹی وی چینل" آج نیوز" کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کے دائرہ اختیار سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نیب کرپشن کیس کی انکوائری شروع کرنے سے پہلے دیکھ بھی لیا کرے کہ اب تحقیقات کر بھی سکتا ہے یا نہیں؟
جسٹس محسن اختر نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اربوں روپے مالیت کے کرپشن کیسز ختم کردیئے، جب پارلیمنٹ کو ہوش آئے گا تو بہت دیر ہو جائے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ بغیر دانتوں والا نیب بھی انجوائے کرے اور لوگ بھی،100 سے زائد بڑے کرپشن کیسز ختم ہو چکے ہیں، کرپشن کیسز کے ملزمان بیرون ملک بھی چلے گئے ہیں۔