شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکیاں دے کر بھتہ مانگنے والا شخص اپنے انجام کو پہنچ گیا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپر سٹار شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکی دے کر بھتہ مانگنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔سپر ہیرو شاہ رخ خان نے ممبئی کی پولیس کو درخواست دی تھی کہ کسی نے ان کو قتل کرنے کی دھمکی دے کر بھتہ طلب کیا ہے۔ پولیس نے اس درخواست پر تفتیش کی اور ریاست چھتیس گڑھ سے ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر ان سے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ شاہ رخ خان کو دھمکیاں دے کر ان سے پچاس لاکھ رپے اینٹھنے کی کوشش کرنے والا شخص فیضان بظاہر ایک وکیل ہے جس نے اداکار شاہ رخ خان کو بلیک میل کرنے کے لئے ان پر فرقہ وارانہ دشمنی بھڑکانے کے الزام پر بنی ایک مقدمہ بھی باندرہ پولیس اسٹیشن میں درج کروایا تھا۔
ملزم شاہ رخ کو پریشان کرنے کے لئے اس حد تک گیا کہ اس نے ان کی تیس سال پہلے بنی ایک فلم ’انجام‘ کا حوالہ دیا جس میں شاہ رخ کو ایک ہرن کو مارتے ہوئے دکھایا گیا۔ فیضان نے دعویٰ کیا کہ (فلم میں) شاہ رخ کا ہرن کو مارنے کا عمل یہ عمل " بشنوئی برادری" کے لیے ناگوار تھا کیونکہ وہ لوگ ہرن کو اپنی مذہبی روایت کے طور پر عزت دیتے ہیں۔شاہ رخ خان کو دھمکیاں دے کر بھتہ طلب کرنے والے وکیل فیضان نے گرفتاری کے بعد قتل کی دھمکی دینے کے متعلق یہ عذر پیش کیا کہ بشنوئی برادری سے اس کی گہری دوستی ہے، ہرنوں کی حفاظت کرنا ان (بشنوئیوں) کے مذہب میں ہے لہٰذا اگر کوئی مسلمان ہرن کے بارے میں ایسا کچھ کہے تو یہ قابل مذمت ہے، اس لیے اس نے شاہ رخ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔