مراکز صحت کی ری ویمپنگ کیلیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر، بوسیدہ عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہونگی:مریم نواز

 مراکز صحت کی ری ویمپنگ کیلیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر، بوسیدہ عمارتیں ...
 مراکز صحت کی ری ویمپنگ کیلیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر، بوسیدہ عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہونگی:مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کے تحت پنجاب بھر میں تمام مراکز صحت کی بیک وقت ری ویمپنگ کا ریکارڈ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے - پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور دیہات اور سیمی اربن علاقوں سمیت تمام مراکز صحت کی بوسیدہ خستہ حال عمارتیں چمچماتے کلینکس میں تبدیل ہوں گی-

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے صوبہ بھر کے تمام مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے لیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی-محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے 1236 مراکز صحت کی ری ویمپنگ اور بحالی کا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے-ری ویمپنگ پراجیکٹ میں سنٹرل پنجاب کے 286،نارتھ زون کے 363 اور جنوبی زون کے 587مراکز صحت شامل ہیں -سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل انور کے مطابق وسطی پنجاب کے مراکز صحت کی 20فیصد،شمالی زون کی 28فیصد اور جنوبی پنجاب کی 25فیصد سے زائدکی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی-پنجاب بھر میں 1219مراکز صحت کو فیملی کلینکس کی شکل دینے کا کام تیزی سے جاری ہے-772یونٹس پر پلاسٹرنگ،384کی فلورنگ اور 74 ہیلتھ یونٹس کی فنشنگ تیزی سے جاری ہے-محکمہ تعمیرات و مواصلات کی خصوصی ٹیمیں تیزی سے تکمیل کے لیے سر گرم عمل ہیں -

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مراکز صحت کی فیملی کلینکس کے طور پر ری ویمپنگ پلان میں تعمیراتی معیار اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب کے عوام کو علاج کی بہترین سہولتوں کے لیے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے-پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو نہ صرف جدید ترین کلینکس میں بدلیں گے بلکہ ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی بھی پوری ہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب کے دیہات کے مراکز صحت کو ایسے کلینکس میں تبدیل کریں گے جو پرائیویٹ ہسپتالوں سے بھی بہتر دکھائی دیں گے-عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں دہلیز پر فراہم کرنے سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا رش کم ہوگا۔