منی لانڈرنگ کیس ، چالان میں شہباز شریف ، حمزہ اور سلمان شہباز کو مرکزی ملزم ٹھہرادیاگیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف فیملی کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، ایف آئی اے نے کیس میں چالان جمع کر ادیا جس میں شہباز شریف ، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق چالان میں کہا گیا کہ تحقیقاتی ٹیم نے 2008 سے 2018 تک 18 نےنامی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے، شریف فیملی کے چپراسی اور کلرکوں کے نام پر مختلف بینک اکاؤنٹس چلائے گئے ، 18 بینک اکاؤنٹس میں 17 ہزار سے زائد کی ٹرانزکشن کی منی ٹریل کا جائزہ لیا گیا۔
چالان میں کہا گیا کہ تفتیش میں ٹھوس شواہد سامنے آئے کہ اکاؤنٹس میں بھاری رقم چھپائی گئی ، شہبازشریف کو نذرانے کے طور پر دی گئی رقم انہیں اکاؤنٹس میں استعمال ہوئی ، شہباز شریف پانچ ملین امریکی ڈالرز سے زائد کی منی لانڈرنگ میں براہ راست ملوث ہیں ۔ شہباز شریف نے بیرون ملک ترسیلات بحرین کی ایک خاتون کے نام بھجوائیں۔
چالان میں 14 بے نامی کھاتہ داروں اور 6 سہولت کاروں کو شریک ملزم ٹھہرایا گیا۔
ادھر آشیانہ ریفرنس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ، شہباز شریف احد چیمہ اور دیگر ملزمان احتساب عدالت پیش ہوئے ، نیب نے شہباز شریف کے شریک ملزم کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کرایا ،نیب نے عدالت میں جواب جمع کرانے کی مہلت مانگ لی۔