صحت کارڈ سکیم میں وسعت کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ سکیم کے تحت مفت علاج کی سہولیات کو وسعت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیر صدارت محکمہ صحت کے اجلاس میں صحت کارڈ سکیم میں نئے ہسپتالوں کی شمولیت اور دور افتادہ اضلاع میں ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ سمیت صحت کے شعبے میں اصلاحات اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد مزید سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو سکیم میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تاہم حتمی فیصلہ پالیسی بورڈ میں کیا جائے گا۔ صحت کارڈ کے پینل میں ہسپتالوں کی شمولیت کے لئے آبادی اور ہسپتالوں کے درمیان فاصلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ یہ کوشش بھی کی جائے گی کہ تحصیل کی سطح پر صحت کارڈ کے پینل پر کم سے کم ایک ہسپتال ضرور موجود ہو۔ اجلاس میں ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے موجودہ پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کے ساتھ ساتھ آؤٹ سورسنگ کے عمل کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دیے جانے کی تجویز بھی دی گئی۔ اجلاس میں صوبے میں ہیموفیلیا کا شکار بچوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہسپتالوں کے بقایا جات فوری طور پر ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اْمید کی جانی چاہئے کہ صوبائی حکومت اِن مذکورہ معاملات میں حتمی فیصلے بھی جلد کر لے گی تاکہ دور افتادہ علاقوں کے رہائشی بھی اپنے اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے ہی مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
٭٭٭٭٭