''عمران خان کل بھی لیٹے ہوئے تھے آج بھی لیٹے ہوئے ہیں" فیصل واوڈا کا بیان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آج بھی مذاکرات کی کھڑکی کھلے تو پی ٹی آئی سمیت سب بھاگے جائیں، عمران خان ترس رہے تھے تو انہیں ڈی جی سے میٹنگ کا اس لیے کہا تھا کیونکہ جھگڑا نہیں چاہتا تھا، وہ میرے لیڈر تھے۔
"ایکسپریس نیوز" کے مطابق انہوں نے کہا کہ عارف علوی کے گھر بھی میں نے میٹنگ کرائی تھی، آرمی چیف کی 7 گھنٹے کی میٹنگ میں بیٹھا ہوں، عمران خان کل بھی لیٹے ہوئے تھے آج بھی لیٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے میرے ساتھ 15 سال جو کمیونی کیشن کی ہے، میں اس کو باہر نہیں آنے دوں گا، ہم پارلیمنٹرین ہیں، کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، مجھے کوئی دکھا دے کہ سینیٹ تقریر میں کسی کو گالی دی ہو، مسٹر گنڈاپور کو مسز گنڈاپور کہنا کوئی گالی نہیں جب آپ خواتین کے جینڈر کو تباہ کردیں، کسی کی ماں بہن کا پردہ نہ رکھیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
عمران خان کو پانچ گنا پتا تھا کہ کیا ہونے والا ہے، مراد سعید روپوش ہیں، اس طوطے میں عمران خان اور فیض حمید کی جان پھنسی ہوئی ہے، 21 ستمبر کو جلسہ نہیں ہوگا وہ جلسہ کر ہی نہیں سکتے، گرفتاریوں پر وزیراعظم، سپیکر اور آئی جی کو کچھ نہیں پتا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ علیمہ خان اپنے بھائی کے ساتھ بہت مخلص ہیں، علی امین کو گرفتاریوں پر بات کرنا چاہیے تھی۔