سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سیفٹی وال کا دوسرا کامیاب تجربہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ذرائع کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور باقی پلیٹ فارم پر سیفٹی فائر وال کا دوسرا اور آخری کامیاب تجربہ گزشتہ رات گئے مکمل کر لیا گیا۔اس حوالے سے وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام خاموش ہیں اور ان کی طرف سے اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی جا رہی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزارت آئی ٹی کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ یہ پی ٹی اے سے متعلقہ معاملہ ہے مگر پی ٹی اے کے سینئر حکام نے رابطہ کرنے پر کسی قسم کا جواب نہیں دیا۔
دوسری طرف پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز مسلسل خلل کا شکار ہیں، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل ایپس آئے روز متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، یہاں تک کہ ڈاؤن لوڈنگ سپیڈ بھی انتہائی سست روی کا شکار ہوگئی ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ چل تو رہا ہے مگر اس کی اسپیڈ مسلسل کم ہے، خصوصاً ڈیٹا پر انٹرنیٹ سروسز خلل کا شکار ہیں۔ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ سست ہونے کی تکنیکی وجوہات ہیں، سائبر امور کے ماہرین کہتے ہیں کہ کیبل کی کوالٹی، ڈیجیٹل ٹریفک بڑھنا اور موسمیاتی تبدیلیاں انٹرنیٹ سروس کو متاثر کرتی ہیں۔بعض ذرائع کاکہنا ہے کہ سیفٹی فائر وال کے دوسرے کامیاب تجربے کے بعد تمام سوشل میڈیا معمول کے مطابق چلیں گے اور سسٹم بحال کر دیا جائےگا۔
واضح رہے کہ کسی بھی سوشل ایپ پر غیر معمولی سرگرمی کرنے والے صارف یا صارفین کو اس سیفٹی وال کے ذریعے بہت جلد ٹریس کر لیا جائے گا، ادھر پی ٹی اے کی جانب سے سروس میں خرابی سے متعلق تاحال اعلامیہ جاری نہیں کیاگیا۔