حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر رشوت لے کر سودے کرنے کا الزام لگا دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر رشوت لے کر سودے کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار رشوت کے سودےخود کرتے ہیں ، عمران نیازی اپنی آنکھوں کی پٹی کھولو ، بنی گالاکی پہاڑی سے نیچے اتر کر دیکھیں ، عوام بنی گالا کے محل میں نہیں رہ سکتے ، ہم دیگر جماعتوں کے ساتھ تبدیلی لے کر آئیں گے ، ان کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس نا اہل اور نالائق حکومت کا بندو بست کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں ، ان کی بےحسی ختم نہیں ہو رہی ، عمران نیازی کہتے ہیں مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے ۔ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے دو لفظ نہیں بول سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ھواری بھی جان گئے ہیں کہ عوام کے پاس کیا منہ لے کر جائیں گے ، یہ ہم پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کرتے تھے مگر الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے انہیں سرٹیفائیڈ چور قرار دیدیا ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے جا رہا ہے ۔