چین میں 35 دنوں میں کووڈ سے متعلق تقریباً 60 ہزار اموات
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے صحت کے حکام نے ہفتے کے روز صرف ایک ماہ کے دوران کووڈ کی وجہ سے تقریبا 60 ہزار اموات رپورٹ کی ہیں۔ دسمبر کے اوائل میں پابندیوں میں نرمی کے بعد سے حکومت کی طرف سے پہلی بار وسیع پیمانے پر اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے تحت بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جیاؤ یاہوئی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چین میں 8 دسمبر 2022 سے اس سال 12 جنوری کے درمیان (تقریباً 35 دن ) کووِڈ سے متعلقہ 59 ہزار 938 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اعداد و شمار سے مراد صرف طبی سہولیات پر ریکارڈ کی گئی اموات ہیں، جن کی کل تعداد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
جیاؤ نے کہا کہ اس میں براہ راست وائرس کی وجہ سے سانس کی ناکامی کی وجہ سے ہونے والی 5503 اموات اور کووڈ کے ساتھ مل کر دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی 54 ہزار 435 اموات شامل ہیں۔ چین پر دسمبر کے اوائل میں اپنی صفر کوویڈ پالیسی ترک کرنے کے بعد سے وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد کو کم کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ صحت کے عہدیداروں نے بدھ کو اصرار کیا کہ صحیح تعداد پر غور کرنا 'ضروری نہیں' ہے۔