میئرز کی تنظیم C40 کراچی کو تیکنیکی و مالی تعاون فراہم کرنے پر آمادہ

  میئرز کی تنظیم C40 کراچی کو تیکنیکی و مالی تعاون فراہم کرنے پر آمادہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر میئرزکی عالمی تنظیم C40 نے ماحولیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے کراچی کو مستقبل قریب میں تیکنیکی اور مالی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، کوپن ہیگن ڈنمارک میں 9 تا12 اکتوبر منعقد ہونے والی ساتویں C40 عالمی میئرز کانفرنس میں میئر کراچی وسیم اختر کے خطاب کو انتہائی انہماک کے ساتھ سنا گیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے خطاب میں کراچی میں اہم ماحولیاتی مسائل کا ذکرِ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو اس وقت جن بنیادی مسائل کا سامنا ہے ان میں فضائی کثافت، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے درکار سہولیات کا فقدان اور آبی ذخائر کا انحطاط سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے رونما ہوتے ماحولیاتی تغیرات سے نمٹنے کیلئے ہمارے پاس مطلوبہ تیکنیکی مہارت اور وسائل نہیں ہیں لہٰذا C40 ممبران اس سلسلے میں ہماری مدد کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی حب ہونے کے باعث تیز رفتار بڑھتی ہوئی آبادی کا شہر ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لئے بہت کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت اس حوالئے سے پہلے ہی کام کر رہی ہے تاہم مسائل زیادہ اور وسائل کم ہونے کے باعث بیرونی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دنیا کے بڑے شہروں کے میئرز سے کہا کہ تنظیم کو کم وسائل ممبر شہروں کے ساتھ تیکنیکی اور مالی تعاون کرنا چاہئے تا کہ مسائل پر جلد قابو پانے میں کامیابی ہو۔ تنظیم نے میئر کراچی کی تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔ میئر کراچی نے کانفرنس میں شریک میئرز کو کراچی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے منتظمین کی دعوت پر کوپن ہیگن ڈنمارک میں 9تا12اکتوبر منعقد ہونے والی ساتویں C40 عالمی میئرز کانفرنس میں کراچی کو درپیش ماحولیاتی مسائل کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں تاکہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں باالخصوص فضائی آلودگی کے آگے بند باندھ سکیں