2200 کروڑ کا آن لائن فراڈ، بھارتی اداکارہ کو شوہر سمیت گرفتار کرلیا گیا
ممبئی(آئی این پی) آسام پولیس نے آن لائن اسٹاک ٹریڈنگ کے نام پر 2200 کروڑ روپے کے فراڈ میں معروف فلم اسٹار اور کوریوگرافر سومی بورا اور ان کے فوٹوگرافر شوہر تارکک بورا کو گرفتار کرلیا ہے۔اب تک کی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ابتدا میں گاہکوں کو راغب کرنے کے لیے ان کے پیسے کو دگںا کرنے اور بازار سے کہیں زیادہ اچھا منافع دینے کا جھانسہ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا مالیاتی فراڈ ہے جس میں ہزاروں افراد کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ فراڈ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (SEBI) کے ساتھ رجسٹریشن کے بغیر کیا جا رہا تھا، جس کے تحت یہ تمام لین دین غیر قانونی ہیں۔
اداکارہ سومی بورا اور ان کے شوہر کی گرفتاری کے بعد مزید لوگوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔گرفتاری کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں سومی بورا نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فراڈ میں ملوث نہیں ہیں اور ان کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
ریاستی پولیس کے سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر کہا ہے کہ ان کا کھیل اب ختم ہوا۔مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں اسے 2200 کروڑ روپے مالیت کی جعلسازی کہا گیا ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ریاست میں کئی اور لوگوں کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ سومی بورا اس کیس میں ملوث ہیں اور ہو سکتا ہے کہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر جعلسازی کی گئی ہو۔سومی بورا اور ان کے شوہر ایک ہفتے سے روپوش تھے جس کے بعد جمعرات کو پولیس کے مطابق مشرقی آسام کے شہر ڈیبرو کڑھ میں انھیں گرفتار کیا گیا۔