سوات اور باجوڑ میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن،عوام اور سکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، راشن اور ادویات کی فراہمی جاری

سوات ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاک فوج نے سوات اور باجوڑ میں سیلابی صورت حال سے متاثرہ اضلاع میں فلڈ ریلیف آپریشن کیا ، پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ،آئی جی ایف سی نارتھ کا ہیلی کاپٹر بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ،ہیلی کاپٹر میں راشن اور دیگر سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
باجوڑ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔راشن اور ادویات کی فراہمی بھی بذریعہ ہیلی کاپٹر کی جا رہی ہے،پاک فوج کی ٹیموں کے آتے ہی عوام نےپاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے سوات میں سیلاب میں ریسکیو آپریشن کے دوران عوام اور سکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
پاک فوج دفاع وطن کیساتھ ساتھ قدرتی آفات میں بھی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہے۔مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج کے جوان انسانی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے ہیں۔پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی کی بدولت ہزاروں جانیں محفوظ بنائی جاتی ہیں۔سوات کے شدید سیلاب میں پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور جرأت مندانہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ پانی میں گھرے ہوئے علاقوں سے متاثرہ افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک فوج کا جوان سکول کے بچے کو اپنی پیٹھ پر اٹھا کر محفوظ مقام پر منتقل کر رہا ہے۔پاک فوج کے جوانوں کے اس جذبے نے پوری قوم کے دل جیت لیے ۔یہ جذبہ ثابت کرتا ہے کہ پاک فوج کے جوان ہر حال میں عوام کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔