پی ٹی آئی نے نوجوانوں کومخالف سیاست دانوں کو گالیاں نکالنا سکھایا: رانا ثنا اللہ
فیصل آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے نوجوانوں کومخالف سیاست دانوں کوگالیاں نکالنا سکھایا۔
فیصل آباد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ملک میں خدمت کا سفرجاری رہتا تو پاکستان بڑی معیشتوں میں شامل ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کومخالف سیاست دانوں کو گالیاں نکالنا سکھایا گیا، ملک سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا، اوئے،توئے، گالی گلوچ، افراتفری کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، فیک نیوز سے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، خیبرپختونخوا حکومت نے تین دفعہ اسلام آباد پر حملہ کیا، ڈی چوک پر پی ٹی آئی والے کھڑے تھے، علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی بھاگ گئے، کارکنوں کے قتل عام کے حوالے سے پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
مشیر وزیرعظم نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی نے کارکنوں کو بے یارومدد گار چھوڑ دیا، 2017کے بعد ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا گیا، یہ آج بھی احتجاج اور افراتفری کی سیاست جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹ اور مکاری کی سیاست کا انجام یہی ہونا تھا، پنجاب میں تحریک انصاف10 بندے بھی جمع نہ کر سکی، پرتشدد، احتجاج، فساد اور توڑ پھوڑ کی سیاست پی ٹی آئی کا وتیرا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔