پی پی رہنما کی رائس مل پر چھاپہ، سیلاب متاثرین کا امدادی سامان برآمد، کیا کچھ شامل ہے؟
قمبر شہداد کوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قمبر شہدادکوٹ زاہد حسین میتلو نے نصیرآباد میں رائس مل کے گودام پر چھاپہ مار کر سیلاب متاثرین کیلئے آنے والا سامان برآمد کرلیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سیشن جج نے نصیر آباد میں خفیہ اطلاع پر پولیس کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنما کی رائس مل میں کارروائی کی۔ اس دوران مل میں موجود کنٹینر اور گودام سے 15 سو سے زائد سرکاری خیمے برآمد کرلیے گئے ۔ اس کے علاوہ راشن کے تھیلے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ رائس مل پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما وزیر پھلپوٹو کی ملکیت ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گودام میں چھپایا گیا سامان من پسند افراد میں تقسیم کیا جانا تھا۔برآمد ہونے والا سامان قبضے میں لے کر سرکاری گودام میں منتقل کردیا گیا ہے۔