بلوچستان اسمبلی کی2خالی نشستوں پرضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہونگے، شیڈول کا اعلان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بلوچستان سے صوبائی اسمبلی کی 2 خالی نشستوں پی بی 20 خضدار اور پی بی 22 لسبیلہ کے ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ۔
نجی ٹی وی "دنیانیوز" کے مطابق شیڈول کے تحت ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کر دیئے ہیں جس کے تحت 16 سے 18 مارچ 2024 تک ریٹرننگ افسر کے پاس امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، نامزد امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست کی اشاعت ہر روز ہوگی۔شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 مارچ تک کی جائے گی ، 25 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔شیڈول کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل 28 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے ، نظر ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست کی اشاعت بھی روز جاری ہوگی، شیڈول کے تحت 29 مارچ کو امیدواروں کی دستبرداری اور نظر ثانی شدہ لسٹیں جاری کی جائیں گی۔
شیڈول کے مطابق الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 30 مارچ اور پولنگ 21 اپریل 2024 کو ہوگی۔