مرد کی نگاہیں

مرد کی نگاہیں
مرد کی نگاہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قرآن مجید پر گہری نظر رکھنے والے یہ حقیقت اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جن برائیوں میں مبتلا ہونے سے لوگوں کو شدت کے ساتھ روکا اور ان کی مذمت کی ہے ان میں ایک نمایاں نام بدکاری اور زنا کا ہے۔ زنااللہ تعالیٰ کے نزدیک اتنی سخت برائی ہے کہ اس پر ابدی جہنم کی وعید ہے (فرقان 68:25) اوراسی لیے اس کے قریب پھٹکنے سے بھی منع کیا گیا ہے، (بنی اسرائیل 32:17)۔ تاہم بدکاری اور زنا سے معاشرے کو بچانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے یہ طریقہ اختیار نہیں کیا کہ مرد و زن کے اختلاط پر پابندی لگا دی۔ ایسے غیر فطری ذرائع اختیار کرنا اللہ تعالیٰ کا طریقہ نہیں۔ اس کے برعکس اللہ تعالیٰ نے ہمیں تفصیل کے ساتھ وہ آداب اور احکام سکھائے ہیں جو ایسے مواقع پر ہمارے نفس میں پاکیزگی پیدا کرتے اور زنا کی گندگی میں پڑنے سے ہمیں بچاتے ہیں۔
ہمارے ہاں عام طور پر ان احکام کو پردے کے احکام کہا جاتا ہے۔ یہ نام ظاہر ہے کہ قرآن مجید کا دیا ہوا نہیں۔ عنوان قائم کر کے احکام بیان کرنا قرآن مجید کا طریقہ نہیں۔ تفہیم مدعا کے لیے اہل علم یہ طریقہ اختیار کرلیتے ہیں۔ تاہم ان احکام کو’’پردے کا حکم‘‘ کے عنوان سے بیان کرنے کے نتیجے میں ایک ایسی غلط فہمی پیدا ہوگئی ہے جو بڑے فساد کا سبب بن رہی ہے۔
پردے کے لفظ سے جو تصور ذہن میں آتا ہے وہ یہ ہے کہ ان احکام کا تعلق صرف خواتین سے ہے۔ بلاشبہ ان احکام میں خواتین کو مخاطب کرکے کئی ہدایات دی گئی ہیں، مگر قرآن مجید بالکل واضح ہے کہ یہ احکام عورتوں کے ساتھ مردوں کو بھی دیے گئے ہیں۔ بلکہ یہ احکام شروع ہی مردوں کے ذکر سے ہوتے ہیں اور انہیں پہلا حکم یہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، (النور 30:24)۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں پردے کے حوالے سے ہمیشہ خواتین زیر بحث آتی ہیں۔ کبھی مردوں کو مخاطب کر کے انہیں نہیں بتایا جاتا کہ اللہ تعالیٰ ان سے کیا چاہتے ہیں۔ لیکن یہ آیت وہ بنیادی مطالبہ سامنے لے آتی ہے جو مردوں سے کیا گیا ہے اور آج کے معروضی حالات میں اس مطالبے کو مردوں کے سامنے لانے اور اس پر عمل کرنے کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
آج ہم جس دور میں زندہ ہیں اس میں زنا کی طرف لانے والی خواتین وہ مسلمان خواتین نہیں ہیں جو ہمارے ارد گرد پائی جاتی ہیں۔ الحمد للّٰہ آج کے گئے گزرے دور میں بھی جب بہت سی خواتین اللہ تعالیٰ کے دیے ہوئے احکام کی پابندی نہیں کرتیں تب بھی عام پاکستانی خواتین کا لباس بہت مہذب ہوتا ہے۔ آج کے دور کا اصل فتنہ میڈیا اور انٹرنیٹ پر موجود خواتین کے وہ جلوے ہیں جو مذہب تو کیا تہذیب، اخلاق اور شائستگی کے کسی معیار پر بھی پورے نہیں اترتے۔
ظاہر ہے ان خواتین کو دین کے احکام سنانا ممکن ہے نہ اس کا کوئی فائدہ ہے۔ ان حالات میں مردوں کی یہ عادت کے وہ نگاہیں جھکا کر نہیں رکھتے بیشتر فساد کا سبب بن رہی ہے۔ ایسے میں مردوں کو یہ بتانا لازمی ہے کہ ’’پردے ‘‘ کے احکام کا پہلا حکم انہیں دیا گیا ہے۔ وہ یہ کہ مرد اپنی نگاہیں جھکا کر رکھیں۔ وہ کسی عریاں یا نیم عریاں خاتون، غیر شائستہ منظر، جنسی جذبات بھڑکا دینے والے نظارے کو دیکھ کر لطف اندوز ہونے سے بچیں۔ اگر اتفاقیہ نظر پڑجائے تو فوراً نظر پھیر لیں۔ یہ عادت جب ایک دفعہ پڑ جائے گی تو اردگرد موجود کسی خاتون کا غیر شائستہ لباس یا رویہ بھی ایسے انسان کو متاثر نہیں کرسکتا۔ مغرب میں رہنے والے صالح مسلمان اسی طریقے سے برائی سے بچتے ہیں۔ یہ حکم اتنا اہم ہے کہ سب سے پہلے مردوں کو مخاطب کرکے یہ حکم انہیں دیا گیا ہے۔
حقیقت یہ ہے زنا کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مردوں کی جھکی ہوئی نگاہیں ہیں۔ جب تک یہ نگاہیں اٹھی رہیں گی خواتین کا کوئی پردہ معاشرے سے زنا ختم نہیں کرسکتا۔

۔

یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارہ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

مزید :

بلاگ -