مہمند ایجنسی کے علاقے بٹہ مینہ کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ، 29 افراد شہید، درجنوں زخمی
مہمند ایجنسی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحصیل انبار کے علاقے بٹہ مینہ میں مسجد میں خودکش دھماکے میں نتیجے میں 29 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نوید اکبر نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا جس کے نتیجے میں 29افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا .
بی بی سی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ لیویز کے ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ خودکش ہے۔ایک حملہ آور نے جمعہ کی دوپہر ڈیڑھ بجے نماز جمعہ کے دوران گل مسجد میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے وقت مسجد میں دو سو کے قریب نمازی موجود تھے۔مقامی حکام کے مطابق دھماکے میں بچوں سمیت 40 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 35 کو باجوڑ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ نماز جمعہ کے دوران علاقے میں مساجد پر کسی قسم کی سکیورٹی تعینات نہیں ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ خودکش بمبار باآسانی مسجد میں داخل ہو گیا۔تاحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ مہمند ایجنسی افغانستان سے متصل سرحدی علاقہ ہے اور ماضی میں یہ علاقہ شدت پسندوں کا گڑھ رہا ہے۔