خاتون سے گھر میں گھس کر زیادتی کی کوشش، انتہائی افسوسناک تفصیلات
چنیوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) گلی میں منشیات بیچنے سے منع کرنے پر با اثر منشیات فروشوں نے گھر میں گھس کر خاتون سے زیادتی کی کوشش کی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق واقعہ چنیوٹ کے تھانہ رجوعہ کی حدود برہان کالونی میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے منشیات فروشوں کو گلی میں منشیات بیچنے سے منع کیا۔ خاتون کے برائی کے خلاف آواز اٹھانے پر با اثر منشیات فروش طیش میں آگئے اور 7 سے 8 افراد اس کے گھر میں گھس گئے۔ منشیات فروشوں نے گھر میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ زیادتی کی بھی کوشش کی۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے کے باوجود پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ متاثرہ خاتون نے آئی جی پنجاب انعام غنی سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔