مجوزہ آئینی ترامیم ملک کو بہتری کی طرف لے جائیں گی، نوید قمر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر کا کہنا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم ملک کو بہتری کی طرف لے جائیں گی اور اس سے پارلیمان مضبوط ہوگا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نوید قمر کا کہنا تھا کہ مجوزہ آئینی ترامیم پاکستان کوبہتری کی طرف لے جائیں گی، مگر یہ ضروری ہے کہ اچھے کام بھی صحیح طریقے سے کیے جائیں، ورنہ نقصان ہو سکتا ہے۔نوید قمر نے کہا کہ پارلیمان کی مضبوطی پیپلزپارٹی کی بھی ذمہ داری ہے، پارلیمان مضبوط ہوگاتوہم مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بھی پارلیمنٹ کو مضبوط رکھنے کی بات کر رہے ہیں اور انہوں نے ہر معاملے کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھنے پر زور دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کے کام کو مشاورت کے ذریعے ہی انجام دیا جا سکتا ہے تاکہ سب فریقین کی رائے کو مدنظر رکھا جا سکے۔