پنجاب حکومت نے دل کے مریض 5 ہزار سے زائد بچوں کی زندگیاں بچانے کے پروگرام کا آغاز کر دیا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )”مریم کی مسیحائی“،ہر سال دل کے مریض 5 ہزار سے زائد بچوں کی زندگیاں بچانے کے تاریخی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔دل کے مریض بچوں کا”چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام“ کے تحت مفت علاج اور آپریشن کی فراہمی کا آغازکیاگیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ”چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام“ کے تحت”چائلڈ سرجری کارڈ“ تقسیم کیے۔وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر چائلڈ ہارٹ سرجری کی مانیٹرنگ کے لیے بنائے گئے ڈیش بورڈ کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے کارڈیک سرجری وارڈ کا دورہ اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، ایچ ڈی یو اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا، ننھے مریضوں کی خیریت پوچھی اورتحائف دئیے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال میں ہارٹ کے مریض بچوں کے لئے مخصوص ”پلے ایریا“کا دورہ کیااورلڈو بھی کھیلی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے بچوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت دے، ہم سب آپ کے لیے دعا کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مریض بچوں کے والدین سے بھی گفتگوکی اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ نہیں ایک ماں کی حیثیت سے منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے بے حد خوش ہوں۔ بچے کی وفات پر مائیں جس صدمے سے گزرتی ہیں، سمجھ سکتی ہوں۔ چلڈرن ہارٹ سرجری کی جدید سہولیات ماؤں کے آنسو پونچھنے اور کم سن بچوں کی بیماری دور کرنے کی پرخلوص کوشش ہے، الحمدللہ۔ بچوں کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی علاج گاہ میں خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کے مریض بچوں کا بھی علاج ہوگا۔ امراض قلب میں مبتلا ننھے بچوں کو طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سمیت پنجاب کے ہر شہری کی تکالیف دور، قطار اور انتظار کے نظام سے نجات دلانا میرا مشن ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں چلڈرن ہارٹ سرجری کی استعداد میں اضافے کے لیے سپیشلسٹ سرجن اورالائیڈ سٹاف کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، پارلیمانی سیکرٹری صحت رشدہ لودھی،معاون خصوصی راشد نصر اللہ، بریگیڈیئر ربابر علاؤالدین،ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹری صحت عظمت محمود،ڈاکٹر عدنان خان،ڈاکٹر فرقد عالمگیر، کوثر کاظمی اور دیگر حکام موجود تھے۔