جیکب آباد میں پولیوورکرز کے سیکیورٹی انتظامات میں غفلت پر افسران کے خلاف کارروائی
جیکب آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پولیو ورکرز کے سیکیورٹی انتظامات میں غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی جیکب آباد کو عہدوں سے ہٹادیا گیا۔
حکومت سندھ نے پولیو ورکرز کے لیے سیکیورٹی اور انتظامات میں غفلت برتنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جیکب آباد کو بھی عہدے سے ہٹادیا۔ تینوں افسران کو عہدے سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی جیکب آباد کو سی پی یو اور ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کو سروس جنرل ایڈمنسٹریشن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران جیکب آباد کے نواحی گاؤں اللہ بخش جکھرانی میں پولیوورکر کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔