خاتون میں جینیاتی ایڈیٹنگ کے بعد خنزیر کا گردہ لگادیا گیا

خاتون میں جینیاتی ایڈیٹنگ کے بعد خنزیر کا گردہ لگادیا گیا
خاتون میں جینیاتی ایڈیٹنگ کے بعد خنزیر کا گردہ لگادیا گیا
سورس: RawPixel

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیو یارک  (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹونا لوؤنی نے 1999 میں اپنی والدہ کو گردہ عطیہ کیا تھا، لیکن کئی سال بعد حمل کی پیچیدگیوں کے باعث ان کا باقی بچا ہوا گردہ ناکام ہوگیا۔ اب 53 سالہ ایلاباما کی رہائشی ٹونا لوؤنی جینیاتی طور پر ایڈٹ شدہ خنزیر کے گردے کی پیوندکاری کرانے والی  شخص بن گئی ہیں اور نیو یارک کے ایک ہسپتال نے منگل کو یہ اعلان کیا کہ وہ دنیا کی واحد زندہ انسان ہیں جنہیں  جانور کے گردے کی پیوندکاری کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جانوروں کے اعضا کی پیوندکاری، جسے "زینوٹرانسپلانٹیشن" کہا جاتا ہے، طویل عرصے سے سائنس کا ایک خواب تھا، لیکن حالیہ برسوں میں جینیاتی ترمیم اور مدافعتی نظام کے انتظام میں ہونے والی پیشرفتوں کی بدولت اس پر دوبارہ کام شروع ہوگیا ہے، جس سے یہ اب ایک حقیقت بننے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ اقدام اعضاء کی کمی کے بحران کو حل کرنے میں مدد دے سکتا ہے، کیونکہ امریکہ میں  ایک لاکھ سے زائد افراد اعضاء کے منتظر ہیں، جن میں سے 90 ہزار سے زائد افراد گردوں کی پیوندکاری کے منتظر ہیں۔

لوؤنی کو 2016 میں  ہائی بلڈ پریشر  کی وجہ سے ڈائیلیسز پر جانا پڑا تھا کیونکہ حمل کی حالت نے ان کے باقی بچے ہوئے گردے کو نقصان پہنچایا تھا۔ وہ آٹھ سال تک ڈائیلیسس پر رہیں۔ اگرچہ زندہ عطیہ دہندگان کو انتظار کی فہرست میں زیادہ ترجیح دی جاتی ہے، لیکن ان کی غیر معمولی طور پر زیادہ نقصان دہ اینٹی باڈیز کی سطح کی وجہ سے کوئی موزوں میچ تلاش کرنا ممکن نہ تھا، جس سے پیوندکاری کا رد ہونا انتہائی ممکن تھا۔ اس دوران، ان کے جسم میں آہستہ آہستہ خون کی نالیوں کی کمی ہوتی گئی، جس سے ڈائیلیسز کرنا مزید مشکل ہو گیا تھا، اور ان کی حالت کمزور ہوتی گئی۔

لوؤنی کی سرجری جینیاتی طور پر ترمیم شدہ خنزیر کے گردے کی پیوندکاری کا تیسرا واقعہ ہے۔ پہلا کیس مئی میں رِک سلی مین کا تھا، جنہوں نے میساچوسٹس جنرل ہسپتال میں یہ آپریشن کروایا تھا، تاہم دو ماہ بعد ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ دوسرا کیس نیو یارک یونیورسٹی لینگون میں لیزا پاسانو کا تھا، جو پیوندکاری کے بعد کچھ عرصے تک صحت یاب ہوئیں لیکن پھر ڈائیلیسس پر واپس آگئیں اور جولائی میں انتقال کر گئیں۔

محققین نے ان چیلنجز کے باوجود امید کا اظہار کیا ہے اور وہ جینیاتی طور پر ترمیم شدہ خنزیر کے گردوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔