امریکی صدر کے دورہ پاکستان کی افواہوں میں کتنی حقیقت ؟متضاد اطلاعات ، سرکاری طور پر دورے کی تصدیق نہ ہوسکی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کےد رمیان جنگ بندی کے بعد سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستانیوں کے لیے فیورٹ شخصیات میں سے ایک بن چکے ہیں اور اب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدرٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم برطانیہ کہ رائل فیملی سے متعلق ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بادشاہ کی دعوت پر امریکی صدر 17ستمبر سے 19ستمبر تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر موجود ہوں گے ۔
تفصیل کے مطابق نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ صدرٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کے دورہ پر اسلام آبادآئیں گے ، وہ بھارت کا دورہ کررہے ہیں تاہم اس دورے سے قبل پاکستان آئیں گے،نجی ٹی وی چینل کے اس دعوے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی البتہ اس کے برعکس کچھ معلومات سامنے آئی ہیں۔
برطانیہ کی " رائل فیملی" سے متعلقہ ویب سائٹ "رائل یوکے" نے 14جولائی کو اطلاع دی ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ خاتون اول مسز میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ بادشاہ کی 17 ستمبر سے 19 ستمبر 2025 تک برطانیہ کے سرکاری دورے دعوت قبول کرلی ، جہاں ونڈسر کیسل میں مہمان کی میزبانی کی جائے گی ۔
نوٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پروگرام کی مزید تفصیلات کا اعلان وقت آنے پر کیا جائے گا، اس سے قبل 2019میں ٹرمپ کی میزبانی ملکہ الزبتھ دوم نےکی تھی ۔