بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سمیت تمام ذمہ داران کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے جس میں ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے پنجاب سمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر پوری قوم میں غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ قومی ٹیم نے پورے ورلڈ کپ میں بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
قرارداد میں پی سی بی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے منصوبہ بندی کی اور نہ ہی قوم کو بہترین کھلاڑی دئیے۔ قرارداد کے متن میں درج ہے کہ شائقین کرکٹ میں انتہائی مایوسی پائی جارہی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ نے اپنی قرار داد میں کہا ہے کہ وزیراعظم بھی کھلاڑیوں کے حوالے سے انہیں ریلو کٹے قرار دے چکے ہیں۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ سطحی کمیشن اس بات کی بھی تحقیقات کرے کہ میچ سے قبل کھلاڑی نائٹ کلب میں کس طرح پارٹیاں مناتے رہے۔