14اگست کو دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بناناتھا،سیکیورٹی فورسز نے تباہی کا منصوبہ ناکام بنایا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 14اگست کو دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بناناتھا، سیکیورٹی فورسز نے یوم آزادی پر تباہی کا منصوبہ ناکام بنایا، کوئٹہ ریلوے سٹیشن حملے میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔
نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کو بہت بڑی تباہی سے بچایا گیا، 14اگست کو دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بناناتھا، دہشتگردوں نے ان بچوں کو نشانہ بنانا تھا جو جشن آزادی منا رہے تھے، سیکیورٹی ایجنسیز اور سی ٹی ڈی کو شاباش دیتا ہوں،سیکیورٹی فورسز نے یوم آزادی پر تباہی کا منصوبہ ناکام بنایا، کوئٹہ ریلوے سٹیشن حملے میں بھی یہی گروہ ملوث تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ ریلوے سٹیشن خودکش حملے میں 32قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،لیکچرار خودکش بمبار کو موٹر سائیکل پر ریلوے سٹیشن پر چھوڑ کر آیا، گرفتار لیکچرار نے خودسکالرشپ پر تعلیم حاصل کی،گرفتار لیکچرار نے پاکستان سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ہے،گرفتار لیکچرار کی اہلیہ بھی ٹیچر ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کاکہناتھا کہ دہشتگردی کو سازش کے تحت محرومی اور پسماندگی سے جوڑا جاتا ہے،بلوچستان کے عوام محتاط اور گمراہ کن عناصر سے دور رہیں،پاکستان کو توڑنے کی منظم سازش برسوں سے جاری ہے،ہمیں اپنی سوسائٹی کو اس کنفیوژن سے نکالنا ہے۔ نہیں چاہتے کسی کے گناہ کی سزا کسی اور کو ملے،دہشتگردی معصوم بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنا رہے ہیں،دہشتگردوں کیلئے اب حکمت عملی مختلف ہوگی،گمراہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔
سرفراز بگٹی کاکہناتھا کہ بیانیہ چلایا جاتا ہے کہ بلوچستان کے لوگ محروم ہیں،گرفتار ہونے والا پروفیسر کہاں سے محروم ہے؟لوگ کہتے ہیں بلوچستان میں طاقت کا استعمال ہو رہا ہے،بتائیں طاقت کا استعمال کہاں ہوا ہے؟ گرفتار ہونے والا مجید بریگیڈ کا ہیڈ ہے،یہ لوگ خودکش حملہ تیارکرتے اور پہاڑوں پر بھی بھیجتے ہیں،ہم اجتماعی سزا کے حق میں نہیں ہیں۔