چھوٹے شہروں میں معاشی سرگرمیوں کوفرو غ دیا جائے،چودھری عدنان

    چھوٹے شہروں میں معاشی سرگرمیوں کوفرو غ دیا جائے،چودھری عدنان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری ریونیو چوہدری محمد عدنان نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مرکزیت کو ختم کر کے بجٹ کی تمام اضلاع میں موزوں تقسیم کویقینی بنایا گیا ہے۔ کوشش کی گئی ہے کہ چھوٹے شہروں میں شہری سہولیات کی فراہمی کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ملک کے اقتصادی حالات موزوں معاشی منصوبہ بندی کے متقاضی ہیں۔

اسی لیے بجٹ کی تیاری میں ماہرین معاشیات کی تجاویز سے استفادہ کرتے ہوئے زراعت اور صنعت کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
تاکہ آئندہ آنے والے دنوں میں سی پیک سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جا سکے۔ معاشی گراوٹ کے سب سے بڑے شکار خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے طبقہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ سکیل 17تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سماجی شعبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا بیشتر حصہ صوبے میں تعلیم، صحت اور صاف پانی جیسی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کے دیگر شعبہ جات میں پرائیویٹ سیکٹر پارٹنر شپ کے مواقع موجود نہیں۔ موجودہ حکومت تعلیم صحت اور زراعت کے شعبہ میں بھی نجی شعبہ کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہے۔