ایل ڈی اے نے ساڑھے 4 کروڑ روپے ادا کرکے پولیس کیساتھ تنازعہ حل کردیا
لاہور( عامر بٹ سے ) لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے )کے شعبہ فنانس نے ساڑھے چار کروڑ روپے کے واجبات ادا کرکے محکمہ پولیس کی بقایا رقم کی ادائیگی کا تنازعہ حل کردیا۔
روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق گذشتہ ایک ماہ سے محکمہ پولیس کی جانب سے دوران آپریشن دی جانے والی پولیس کی نفری فراہم نہیں کی جارہی تھی ، تمام سٹاف کو بھی واپس بلوا لیا گیا تھا اور ایل ڈی اے کے افسران کو اس ضمن میں انتباہ کیا گیا تھا کہ جب تک ایل ڈی اے کے افسران محکمہ پولیس کے واجبات کی کلیرنس نہیں کرتے ، تب تک پولیس دوران آپریشن ساتھ نہیں جائے گی ۔
دوسری جانب پولیس کی عدم دسیتابی کا لینڈ مافیا اور ایل ڈی اے میں مو جود بعض افسران نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور تقریبا ایک ماہ کے دوران غیرقانونی تعمیرات کی بھرمار کردی گئی تاہم اب ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر فنانس نے بتایا کہ ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر محکمہ پولیس کے ساڑھے چار کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کردی گئی ہے اور کل سے پولیس نفری کا معاملہ حل ہوجائے گا ، ٹاؤن پلاننگ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ آپریشن کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔