حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر محسن نقوی کا رد عمل بھی سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ جو واقعہ ہوا، اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں جو ملوث ہیں وہ فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ذمہ داران کے خلاف لیگل ایکشن لیں گے۔
یاد رہے کہ فلوریڈا میں فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک مداح سے الجھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، یہ تکرار تصویر بنوانے پر ہوئی۔اس موقع پر حارث اہلیہ کے ساتھ تھے کہ مبینہ طور پر فین نے انہیں گالی دی، جس پر حارث مداح کو مارنے کے لیے دوڑے، اہلیہ اور دیگر فینز نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔