جب ایک واقعہ ہی نہیں ہوا تو انکوائری کس چیز کی ہوگی؟چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب کالج واقعہ سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کالج واقعہ سے متعلق درخواست نمٹا دی،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب کالج واقعہ پر جوڈیشل کمیشن نہیں بنا سکتے،جب ایک واقعہ ہی نہیں ہوا تو انکوائری کس چیز کی ہوگی؟
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کالج واقعہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے کہاکہ کالج میں واقعہ پیش نہیں آیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیاکہ کیا کوئی ہے جو کالج واقعہ سے متعلق بیان دینا چاہتا ہے؟وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ سوشل میڈیا پر بیان دینے والے بھی کالج واقعہ کی نشاندہی نہیں کر سکے،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہاکہ ادارے بروقت کام کرتے تو معاشرے میں بگاڑپیدا نہ ہوتا، وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ جس طالبہ کا نام لیاگیا اس نے بھی بتایا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہاکہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات مکمل کرلیں، واقعہ نہیں ہوا، ایف آئی اے نے پنجاب کالج واقعہ سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی،ایس ایس پی نے کہاکہ ہم نے جے آئی ٹی تشکیل دی، بچی سامنے نہیں آنا چاہتی،جے آئی ٹی نے مکمل اور جامع رپورٹ پیش کر دی ہے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ ملک میں قانون موجود ہے، عملدرآمداداروں نے کرانا ہے،عدالت نے پنجاب کالج واقعہ کی حد تک درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہاکہ پنجاب کالج واقعہ پر جوڈیشل کمیشن نہیں بنا سکتے،جب ایک واقعہ ہی نہیں ہوا تو انکوائری کس چیز کی ہوگی؟