پی ایس ایل ، سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 28ویں میچ میں ایک ناقابل یقین مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 2 گیندوں قبل 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا اختتام انتہائی سنسنی خیز لمحات میں ہوا۔ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ یاسر خان نے 25 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ شاہد عزیز نے آخر میں 14 گیندوں پر 29 رنز جڑ کر ٹیم کو مضبوط ہدف تک پہنچایا۔ عثمان طارق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 19.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ آخری اوور میں ٹیم کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، اور انہوں نے صرف 4 گیندوں میں ہی 14 رنز مکمل کر کے فتح حاصل کرلی۔ حسن نواز نے 36 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر میچ کے ہیرو ثابت ہوئے۔ خوجہ نفے نے بھی برق رفتار 51 رنز بنائے۔ملتان کی جانب سے شاہد عزیز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔