ڈیری ایسوسی ایشن کی خوراک کے عالمی دن پر خصوصی کانفرنس
لاہور(لیڈی رپورٹر)2024 پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر مقامی ہوٹل میں قومی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں حکومت، ریگولیٹری ادارے، ڈیری اور زرعی شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے پاکستان میں محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیئرمین پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن عثمان ظہیر خان، پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے سی ای او ڈاکٹر شہزاد امین، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین،ٹیٹرا پیک پاکستان میں پبلک افیئرز اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ نور آفتاب،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عاصم جاوید، خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد واصف سعید، پنجاب ایگریکلچر ڈرگ اینڈ فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، اور دیگر اہم افراد شامل تھے۔ اس قومی ڈائیلاگ کا مقصد حکومت، نجی شعبے اور ریگولیٹری حکام سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان میں غذائیت اور فوڈ سیفٹی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ ڈاکٹر شہزاد نے کہا کہ ''فوڈ سیفٹی فوڈ سیکیورٹی سے کہیں زیادہ بڑا ایشو ہے اور ڈیری مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے انسانی صحت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ غذائیت میں کمی کے باعث پانچ سال سے کم عمر 43.7 فیصد کی نشونما کم، 15.1 فیصد ضائع، اور 31.5 فیصد وزن میں کمی کا شکار ہیں۔
پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور فوجی فوڈز کے سی ای او عثمان ظہیر احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ''دودھ کی سستی، رسائی، اور ڈیری فارمرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی جائے۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے غذائی تحفظ کو درپیش اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جن کی بڑی وجوہات دیہات سے شہروں میں آبادی کی منتقلی اور زرعی اراضی میں 12 فیصد کمی ہیں۔نور آفتاب، ہیڈ آف پبلک افیئرز اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز ٹیٹرا پیک پاکستان نے کہا کہ ٹیٹرا ْپیک خوراک کی حفاظت اور ضیاع کو کم کرنے میں بھرپورکردار ادا کر رہا ہے۔پنجاب ایگریکلچر ڈرگ اینڈ فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی محمد عاصم جاوید، خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی محمد واصف سعیدنے بھی خطاب کیا۔ صوبائی سیکریٹری برائے لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ ثاقب علی عطیل اور گین پاکستان لمیٹڈ کی کنٹری منیجر فرح ناز سمیت شرکاء نے فوڈ سیفٹی کی کثیر الجہتی نوعیت پر تبادلہ خیال کیا۔