پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ 2025 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ اور تباہ کن بولنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 120 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 227 رنز بنائے، جس کے جواب میں ملتان کی پوری ٹیم صرف 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن ان کی ٹیم کے دوسرے بیٹرز نے میدان میں دھوم مچادی۔ٹام کوہلر کیڈمور نے 52 رنز، محمد حارث نے 45 رنز،
عبدالصمد نے صرف 14 گیندوں پر 40 رنز، اورمچل اوون نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی تباہ کن اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 227/7 تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔صرف عثمان خان نے 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، مگر انہیں کسی کا ساتھ نہ ملا۔کپتان محمد رضوان 15 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ دیگر بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔زلمی کے لیے علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عارف یعقوب نے 3 اور مچل اوون نے 2 وکٹیں لیں۔ملتان کی پوری ٹیم 15.5 اوورز میں صرف 107 رنز بنا سکی، یوں پشاور زلمی نے 120 رنز سے شاندار فتح اپنے نام کی۔