ریڈزون کی جانب پیش قدمی، پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار، آنسو گیس کے بھرپور استعمال کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آزادی و انقلاب مارچ کو ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے نیا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ و انقلاب مارچ کے شرکاءکی ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی صورت میں پولیس گولیاں چلانے سے مکمل اجتناب کرے گی جبکہ آنسو گیس کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ پلان کے مطابق ریڈ زون کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور پولیس کی مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستوں کی لائٹیں بھی بند کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کل شام چھ بجے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کا اعلان کر رکھا ہے اور کہا ہے کہ وہ خود قیادت کریں گے اور اگر پولیس نے گولی چلائی تو پہلی گولی وہ کھائیں گے۔