کم عمر بچوں سے جبری مشقت کے خاتمہ کیلئے محکمہ لیبر کی استعداد کوبڑھانا ہوگا، عثمان حمزہ
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف یوتھ ونگ لاہور کے صدر عثمان حمزہ نے کہا ہے کہ بچوں سے جبری مشقت کا خاتمہ تب تک ممکن نہیں جب تک حکومت اس پر عمل درآمد کروانے میں سنجیدہ نہیں ہوتی ۔پنجاب حکومت کے14سال سے کم عمر بچوں سے مشقت لینے کی پالیسی منظور کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔اس کے لیے محکمہ لیبر کی استعداد کوبڑھانا ہوگا۔اس محکمہ کی غفلت اور سست روی کے باعث آج تک پنجاب سے نہ تو چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہو سکا اور نہ ہی مزدوروں کو کم سے کم اجرت یقینی بنائی جا سکی ۔اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ آج بھی پنجاب بھر کے مزدوروں کی بڑی تعداد 8سے 9ہزار پر کام کر رہی ہے لیکن انکو پوری اجرت دلوانے والا کوئی نہیں ہے ۔محکمہ لیبر صرف اس درخواست پر ایکشن لیتا ہے جو متعلقہ مزدور کی طرف سے دی گئی ہو ایسی صورت حال میں کوئی بھی مزدور نوکری گنوانے کا رسک نہیں لیتا اور کم تنخواہ پر ہی کام کر تا رہتا ہے ۔وزیرا علی شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ نئی پالیسیاں بنانے کی بجائے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کروائیں ۔