فوجی عدالتوں نے 274 مقدموں کا فیصلہ کیا ، 161 مجرموں کو سزائے موت دی گئی: ڈی جی ایم او کی بریفنگ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی ایم او نے سینیٹ کی ہول کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدموں کا فیصلہ کیا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد 160 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے جن میں سے 33 کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔
ڈی جی ملٹری آپریشنز آرمی چیف کی موجودگی میں سینیٹ کی ہول کمیٹی کو بریفنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بریفنگ کے دوران بتایا کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدموں کا فیصلہ کیا ہے، ان مقدمات میں ملوث 161 مجرموں کو سزائے موت دی گئی جن میں سے اب تک 56 مجرموں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔ 13 مجرموں کو آپریشن ردالفساد سے پہلے اور 43 کو بعد میں پھانسیاں دی گئیں۔
انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ 28 مئی 2017کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی گئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد 160 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے جن میں سے 33 کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔ ان مقدمات میں 8 مجرمان کو سزائے موت اور 25 کو قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔120 مقدمات 19 نومبر 2017 کو فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے۔