چیمپئنزٹرافی کیلئے تحریری معاہدہ، چیئرمین پی سی بی کا موقف بھی سامنے آگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپئنزٹرافی کیلئے تحریری معاہدے پر کہا ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا،چیمپئنزٹرافی سے متعلق آئی سی سی سے تمام چیزیں بہت جلد طے ہو جائیں گی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ کوئی کام تحریری ہوئے بغیر نہیں کرتے ،چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے جو بھی ہوگا پاکستان کیلئے بہتر ہوگا،ان کاکہناتھا کہ ابھی دیکھیں کیا سامنے آتا ہے بہت جلد چیزیں سامنے ہوں گی،آئی سی سی بہت جلد چیمپئنزٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردے گا۔
صحافی کے سوال ’’کیا آپ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی ملی ہے‘‘کے جواب میں محسن نقوی نے کہاکہ بس تھوڑا صبر کریں سب سامنے آ جائے گا، اگر کوئی مکرے گا تو دیکھیں گے کیسے مکر سکتا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ جلد قوم کو خوشخبری ملے گی،چیمپئنزٹرافی اور 2027تک کے آئی سی سی ایونٹس میں تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے،تحریری معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو وہ بھی دیکھ لیں گے،چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات تحریری طورپر طے پائیں گے،آئی سی سی کی جانب سے حتمی اعلان کا انتظار کررہے ہیں،یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔