ہنی مون پر اختلاف، سسر نے داماد پر تیزاب پھینک دیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع تھانے سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ نوبیاہتا شخص پر اس کے سسر نے ہنی مون کے مقام پر اختلاف کے بعد تیزاب پھینک دیا۔پولیس افسر ایس آر گود نے بتایا کہ حملہ آور، 65 سالہ ذکی غلام مرتضی خوتل فرار ہے جبکہ زخمی داماد عباد عاطق فالکے کا علاج جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق فالکے نے حال ہی میں خوتل کی بیٹی سے شادی کی تھی۔ وہ اپنے ہنی مون کے لیے کشمیر جانا چاہتا تھا، لیکن اس کے سسر چاہتے تھے کہ جوڑا کسی مذہبی مقام کا سفر کرے۔ اس تنازعہ کی وجہ سے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے۔ بدھ کی رات جب فالکے گھر لوٹا اور اپنی گاڑی سڑک کے قریب پارک کی تو خوتل اپنی گاڑی میں اس کا انتظار کر رہا تھا۔ اس نے فالکے پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کے چہرے اور جسم پر شدید جلن ہوئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خوتل اپنی بیٹی کی شادی ختم کروانا چاہتا تھا، وہ فرار ہے اور پولیس اسے تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ خوتل پر بھارتیہ نیائے سہنیتا کی دفعہ 124-1 (تیزاب کے استعمال سے جان بوجھ کر شدید چوٹ پہنچانا)، 351-3 ( دھمکی) اور دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔