پی ٹی آئی کا کیلیفورنیا پلان ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا ہے:حنیف عباسی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا 2023 کا کیلیفورنیا پلان یہ ہے کہ ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلا جائے۔
روز نامہ جنگ کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی والے کہتے تھے امریکا نے حکومت گرائی آج یہ اس سے بھیک مانگ رہے ہیں، انہوں نے آٹھ سے دس لابنگ فرم ہائر کیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ کانگریس اراکین کے ذریعے دس خطوط لکھے گئے، انہیں بھی ہائر کیا گیا، کیلیفورنیا پلان یہ ہے کہ آپ کو حکومت میں لائیں گے بدلے میں نیوکلیئر پاور پر بات کرنا ہوگی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ خوارج، بی ایل اے اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، ان لوگوں کا کڑا احتساب ہوگا جو اداروں کے خلاف سازش کررہے ہیں، جیسے فتنہ خوارج کا خاتمہ کیا اسی طرح فتنہ سیاست کا بھی خاتمہ کریں گے۔حنیف عباسی نے کہا کہ آج مذاکرات کی بات ہو رہی ہے آج بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، پہلے یہ کہتے تھے امریکا نے حکومت گرائی آج یہ اس سے بھیک مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے دھماکے کئے تو کہاں کہاں سے آفر آئی سب جانتے ہیں، ہم نے کوئی سمجھوتانہیں کیا، ہم کٹ کر مرجائیں گے ایٹمی پلانٹ پر سمجھوتانہیں ہوگا، ہماری سرحدیں نیوکلیئر پاور کے ذریعے محفوظ ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہماری فوج نے جس طرح ہمارے جوہری اثاثوں کی حفاظت کی ہے وہ سب جانتے ہیں، ان لوگوں کا کڑا احتساب ہوگا جو اداروں کے خلاف سازش کررہے ہیں، ایک شخص کبھی پختون کارڈ تو کبھی پابندیاں لگانے کی بات کرتا ہے، خوارج، بی ایل اے اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں۔