رمضان المبارک کی آمد

رمضان المبارک کی آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تزکیہ وتربیت

محمد یوسف اصلاحی
1۔رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کرنے کے لئے شعبان ہی سے ذہن کو تیار کیجیے اور شعبان کی 15 تاریخ سے پہلے پہلے کثرت سے روزے رکھیے۔ حضرت عائشہؓ کا بیان ہے کہ نبیﷺ سب مہینوں سے زیادہ شعبان کے مہینے میں روزے رکھا کرتے تھے۔
2۔پورے اہتمام اور اشتیاق کے ساتھ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی کوشش کیجیے اور چاند دیکھ کر یہ دعا پڑھیے:
خدا سب سے بڑا ہے۔ خدایا!یہ چاند ہمارے لیے امن وایمان وسلامتی اور اسلام کا چاند بنا کر طلوع فرما اور ان کاموں کی توفیق کے ساتھ جو تجھے محبوب اور پسند ہیں۔
اے چاند! ہمارا رب اور تیرا رب اللہ ہے۔
اور ہر مہینے کا نیا چاند دیکھ کر یہی دعا پڑھیے۔(ترمذی،ابن حبان وغیرہ)
3۔رمضان میں عبادات سے خصوصی شغف پیدا کیجیے۔ فرض نمازوں کے علاوہ نوافل کا بھی خصوصی اہتمام کیجیے اور زیادہ سے زیادہ نیکی کمانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیے۔ یہ عظمت وبرکت والا مہینہ خدا کی خصوصی عنایت اور رحمت کا مہینہ ہے۔
شعبان کی آخری تاریخ کو نبیﷺ نے رمضان کی خوش خبری دیتے ہوئے فرمایا: لوگو! تم پر ایک بہت عظمت وبرکت کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں ایک رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ خدا نے اس مہینے کے روزے فرض قرار دیے ہیں اور قیام اللیل (مسنون تراویح) کو نفل قرار دیا ہے، جو شخص اس مہینے میں دل کی خوشی سے بطور خود کوئی ایک نیک کام کرے گا وہ دوسرے مہینوں کے فرض کے برابر اجر پائے گا، اور جو شخص اس مہینے میں ایک فرض ادا کرے گا خدا اس کو دوسرے مہینوں کے 70 فرضوں کے برابر ثواب بخشے گا۔
4۔پورے مہینے کے روزے نہایت ذوق وشوق اور اہتمام کے ساتھ رکھیے اور اگر کبھی مرض کی شدت یا شرعی عذر کی بنا پر روزے نہ رکھ سکیں تب بھی احترام رمضان میں کھلم کھلا کھانے سے سختی کے ساتھ پرہیز کیجیے اور اس طرح رہیے کہ گویا آپ روزے سے ہیں۔
5۔تلاوت قرآن کا خصوصی اہتمام کیجئے۔ اس مہینے کو قرآن پاک سے خصوصی مناسبت ہے۔ قرآن پاک اسی مہینے میں نازل ہوا اور دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینے میں نازل ہوئیں۔۔۔اس لیے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ قرآن پاک پڑھنے کی کوشش کیجیے۔ حضرت جبرائیلؑ ہر سال رمضان میں نبیؐ کو پورا قرآن سناتے اور سنتے تھے، اور آخری سال آپ نے رمضان میں نبیؐ کے ساتھ دوباردَور فرمایا۔
6۔قرآن پاک ٹھیر ٹھیر کر اور سمجھ سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کیجیے۔ کثرت تلاوت کے ساتھ ساتھ سمجھنے اور اثر لینے کا بھی خاص خیال رکھیے۔
تراویح میں پورا قرآن سننے کا اہتمام کیجیے۔ ایک بار رمضان میں پورا قرآن پاک سننا مسنون ہے۔
8۔تراویح کی نماز خشوع خضوع اور ذوق وشوق کے ساتھ پڑھیے اور جوں توں 20 رکعت کی گنتی پوری نہ کیجیے، بلکہ نماز کو نماز کی طرح پڑھیے تاکہ آپ کی زندگی پر اس کا اثر پڑے اور خدا سے تعلق مضبوط ہو۔ خدا توفیق دے تو تہجد کا بھی اہتمام کیجیے۔
9۔صدقہ اور خیرات کیجیے۔ غریبوں، بیواؤں اور یتیموں کی خبر گیری کیجیے اور ناداروں کی سحری اور افطار کا اہتمام کیجئے۔ نبیﷺ کا ارشاد ہے: ’’یہ مواسات کا مہینہ ہے،‘‘ یعنی غریبوں اور حاجت مندوں کے ساتھ ہمدردی کا مہینہ ہے۔ ہمدردی سے مراد مالی ہمدردی بھی ہے اور زبانی ہمدردی بھی۔ ان کے ساتھ گفتار اور سلوک میں نرمی برتیے۔ ملازمین کو سہولتیں دیجیے اور مالی اعانت کیجیے۔
10۔شب قدر میں زیادہ سے زیادہ نوافل کا اہتمام کیجیے اور قرآن کی تلاوت کیجیے۔ اس رات کی اہمیت یہ ہے کہ اس رات میں قرآن نازل ہوا۔
حدیث میں ہے کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی رات ہوتی ہے۔ اسی رات کو یہ دعا پڑھیے:
خدایا! ’’تو بہت ہی زیادہ معاف فرمانے والا ہے، کیونکہ معاف کرنا تجھے پسند ہے، پس تو مجھے معاف فرما دے۔‘‘
11۔رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کیجیے، نبیﷺ رمضان کے آخری 10 دنوں میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔
12۔رمضان میں لوگوں کے ساتھ نہایت نرمی اور شفقت کا سلوک کیجیے۔ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیجیے اور فراخ دلی کے ساتھ ان کی ضرورتیں پوری کیجیے اور گھر والوں کے ساتھ بھی رحمت اور فیاضی کا برتاؤ کیجیے۔
13۔نہایت عاجزی اور ذوق وشوق کے ساتھ زیادہ دعائیں کیجیے۔ درمنشور میں ہے کہ جب رمضان کا مبارک مہینہ آتا تو نبیﷺ کا رنگ بدل جاتا تھا اور نماز میں اضافہ ہو جاتا تھا اور دعا میں بہت عاجزی فرماتے تھے اور خوف بہت زیادہ غالب ہو جاتا تھا۔
14۔صدقہ فطر دل کی رغبت کے ساتھ پورے اہتمام سے ادا کیجیے اور عید کی نماز سے پہلے ادا کر دیجیے، بلکہ اتنا پہلے ادا کیجیے کہ حاجت مند اور نادار لوگ سہولت کے ساتھ عید کی ضروریات مہیا کر سکیں اور وہ بھی سب کے ساتھ عید گاہ جا سکیں اور عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
15۔رمضان کے مبارک دنوں میں خود زیادہ سے زیادہ نیکی کمانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی نہایت سوز، تڑپ، نرمی اور حکمت کے ساتھ نیکی اور خیر کے کام کرنے پر ابھاریے تاکہ پوری فضا پر خدا ترسی، خیر پسندی اور بھلائی کے جذبات چھائے رہیں اور سوسائٹی زیادہ سے زیادہ رمضان کی بیش بہا برکتوں سے فائدہ اٹھا سکے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -