قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا مرزا جان زندگی کی بازی ہار گئے
جنوبی وزیرستان (ویب ڈیسک) چند روزقبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا مرزا جان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
مولانا مرزا جان چند روز قبل فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے۔ جے یو آئی رہنما مولانا مرزا جان وزیر کی میت وانا پہنچا دی گئی ہے جہاں آج ان کا جنازہ ادا کیا جائے گا۔
ترجمان جے یوآئی ف کے مطابق مولانا مرزا جان کا نماز جنازہ وانا اسپورٹس کمپلیکس میں ادا کیا جائےگا جب کہ ان کی تدفین سانگہ میں ہوگی۔
ادھر سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے مولانا مرزا جان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرزا جان پر قاتلانہ حملہ حکومت کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے، بے امنی اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ نے قوم میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مولانا مرزا جان وزیر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔