سعودی عرب کاربن فری پٹرول تیار کرے گا
ریاض(اے پی پی) سعودی عرب میں کنگ عبداللہ پٹرولیم ریسرچ اینڈ سٹڈی سینٹر نے اپنے تحقیقی مقالے میں کہا ہے کہ سعودی عرب کاربن فری پٹرول تیار کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ سعودی عرب جی 20 میں ری سائیکل اکانومی اپنانے کی کوشش کررہا ہے۔ شرق الاوسط کے مطابق کنگ عبداللہ پٹرولیم ریسرچ اینڈ سٹڈی سینٹر میں 15 سے زیادہ ممالک کے عالمی ماہرین تحقیق میں حصہ لے رہے ہیں۔ تحقیقی مقالے کے مطابق سعودی عرب گرین شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے کے لیے نو پالیسیا ں اپنائے ہوئے ہے۔ سعودی وژن 2030 میں نئے شہروں کے لیے گرین شرح نمو، قومی صنعت کے فروغ، لاجسٹک خدمات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا معیار بلند کرنے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔کنگ عبداللہ پٹرولیم ریسرچ اینڈ سٹڈی سینٹر نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں سب سے کم کاربن والا پٹرول سعودی عرب تیار کررہا ہے۔
اور اس بنیاد پر وہ مستقبل میں کاربن فری پٹرول تیار کرنے اور کاربن کی ثانوی مصنوعات کی ری سائیکلنگ کی پوزیشن میں ہوگا۔