بلیک لسٹ ٹھیکیدار کی کارروائیاں‘ زکریا یونیورسٹی کو لاکھوں روپے کانقصان

بلیک لسٹ ٹھیکیدار کی کارروائیاں‘ زکریا یونیورسٹی کو لاکھوں روپے کانقصان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ملتان(سٹاف رپورٹر)بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے ڈپٹی خزانہ دار اور اور جونیئر کلرک کی ملی بھگت سے سابقہ ادوار میں بلیک لسٹ ہونے والے مظہر نامی ٹھیکیدار نے یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں ائیر کنڈیشنرز کی مرمت کے نام پر لاکھوں روپے کا ”چونا“ لگا دیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفراللہ کے دور میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی سے بلیک لسٹ ہونے والا مظہرنامی ٹھیکیدار نے یونیورسٹی کے ڈپٹی خزانہ داررمضان طارق اور جونیئر کلرک رضا کی ملی بھگت سے اے۔سی مرمت (بقیہ نمبر36صفحہ12پر)

کے نام پر یونیورسٹی کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا چکا ہے۔ اس ضمن میں ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں جناح آڈیٹوریم میں لگے ائیر کنڈیشنرز کی سروس کے حوالے سے ایک معروف کمپنی ہائیر نے ان ڈور ز کی اونچائی زیادہ ہونے کے باعث معذرت کرلی تو مذکورہ کام مظہر نامی ٹھیکیدارکے ذریعے کرایا گیا جس نے یونیورسٹی کو 45لاکھ روپے کا بل دیا۔ اسی طرح آئی ایم ایس ڈیپارٹمنٹ میں ائیر کنڈیشنرز کی مرمت کے نام پر 21لاکھ روپے کا بل جمع کرا رکھا ہے جس پر مذکورہ ڈیپارٹمنٹ کے الیکٹریشن نے کام کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایڈمن بلاک کے تما م اے سی مرمت کرنے کے دوران گیس لیک ہونے کا بتایا گیا اور دوبار ہ گیس ری چارج کی مد میں لاکھوں روپے کے بل وصول کئے گئے۔شک گزرنے پر ایڈمن بلاک کی چھت پرسی سی ٹی وی کیمرے لگوائے گئے تو ان کی فوٹیج میں مذکورہ ٹھیکیدار اور اس کے کارندے گیس لیک کرنے کے مرتکب پائے گئے۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ واٹر کولر کی مالیت 22ہزار روپے ہے مگر اس کی مرمت کی مد میں 18ہزار وپے کا بل مذکورہ ٹھیکیدار کی جانب سے جمع کرایا گیا ہے جبکہ اس کی جانب سے جمع کرائے گئے بلوں کے ساتھ نہ توکوئی ٹیکنیکل رپورٹ لگائی جاتی ہے او ر نہ ہی کسی بل پر سب انجینئر کے دستخط کرائے جاتے ہیں۔اس ضمن میں یونیورسٹی حلقوں نے وائس چانسلر سے مذکورہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کرپشن پر سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نقصان