مجسٹریٹ کے رویئے سے دلبرداشتہ پولیس افسرکی خود کشی کی کوشش،ٹرین کی پٹڑی پر لیٹ گیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں ایک پولیس افسر نے مجسٹریٹ کے رویئے سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کا فیصلہ کیا اور ریلوے لائن پر لیٹ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں پیش آیا جہاں ایک سب انسپکٹر نے خودکشی کرنے کا انتہائی قدم اٹھایا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سب انسپکٹر سچن کمار عدالت میں پیش آنے والے برے رویئے سے دلبرداشتہ تھا۔
سب انسپکٹر نے دعویٰ کیا کہ اس نے موٹر سائیکل چور گینگ کے 5 ملزمان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا تاہم اس کے باوجود مجسٹریٹ نے اس کے ساتھ برا رویہ اختیار کیا۔
سچن کمار کے مطابق عدالت کی جانب سے اسے شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک موٹر سائیکل چوروں کے ساتھ انتظار کرنے پر مجبور کیا گیا اور پھر مجسٹریٹ اسے ہر 10 منٹ بعد اپنے ریسٹ ہاؤس بلا کر اس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتا۔
سب انسپکٹر نے بتایا کہ مجسٹریٹ کا خیال ہے کہ یہ موٹر سائیکل چور غیر قانونی طریقوں سے پکڑے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق عدالت کے برے رویئے سے دلبرداشتہ سب انسپکٹر نے خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا اور ٹرین کی پٹڑی پر جا کر لیٹ گیا جس کی اطلاع ملتے ہی دیگر پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر اس کی جان بچائی۔