زین قریشی کی گرفتاری: سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹس جاری ، 10 دن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما زین قریشی کی پارلیمنٹ ہاوس سے گرفتاری پر سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت دیگر کو 10 دن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے زین قریشی کی گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ یہ کب کا واقعہ ہے؟
وکیل تیمور ملک نے بتایا کہ 9 ستمبر کو اراکین پارلیمنٹ کو گرفتار کیا گیا، عدالت نے کہا کہ قومی اسمبلی سے رپورٹ لے لیتے ہیں۔
عدالت نے وزارت داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر کے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔